لاہور: اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ٹرانسپرنسی رپورٹ کہہ رہی ہے کہ دو ہزار انیس میں کرپشن بڑھ گئی ہے۔ نیا پاکستان تو نظر نہیں آ رہا مگر ڈھونڈنے سے اب پرانا پاکستان بھی نہیں ملتا۔ ان ہاؤس تبدیلی غیرقانونی نہیں، جبکہ (ن) لیگ کی کھڑکیاں اور دروازے سب کیلئے کھلے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں دو سو فیصد اضافہ کیا گیا ۔جس سے غریب عوام پر مہنگائی کا بوجھ پڑا، جبکہ رہی سہی کسر آٹے کے بحران نے نکال دی ہے۔ لیکن بحران پر عجیب منطقیں پیش کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزراء کہتے ہیں کہ نومبر اور دسمبر میں روٹیاں زیادہ کھائی جاتی ہیں، اس لیے آٹے کا بحران ہوا۔ اگر گندم وافر مقدار میں موجود ہے تو امپورٹ کرنے کی منظوری کیوں دی گئی؟ میں نے کہا تھا کہ کالی پٹی باندھ کر جمہوریت کی خاطر حلف اٹھانے جارہے ہیں۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ مجھ سمیت (ن) لیگ کے متعدد رہنما پابند سلاسل ہیں۔ کہا تھا کہ اگر ایک پیسے کی بھی کرپشن ثابت ہوئی تو قوم سے معافی معانگ کر اور استعفیٰ دے کر سیاست سے چلا جاؤں گا۔ آج ٹرانسپیرنسی رپورٹ کہہ رہی ہے کہ دو ہزار انیس میں کرپشن بڑھ گئی ہے۔ان ہاؤس تبدیلی کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان ہاؤس تبدیلی غیر قانونی نہیں جبکہ (ن) لیگ کی کھڑکیاں اور دروازے سب کیلئے کھلے ہیں۔