آگہی اور شعور سے شدت پسند سوچ میں کمی واقع ہو گی،اعجاز شاہ
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر(ر)ا عجاز شاہ نے کہاہے کہ کسی بھی برائی کے خاتمے کا آغاز اس کی نشان دہی سے ہوتا ہے ، انصاف کی فراہمی کامیاب معاشرے کا سنگ بنیاد رکھتی ہے ، آگہی اور شعور سے جرائم کی سطح اور شدت پسند سوچ میں کمی واقع ہو گی ، دہشت گردی کے واقعات میں کمی آئی ہے اور امید کرتے ہیں کہ اس طرح کے پروجیکٹز کی مدد سے ہم اس مسئلے سے مکمل چھٹکارہ حاصل کر لیں گے۔ جمعرات کووزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کی یواین او ڈی سی کے چیف مسعود کریمپیور سے وزارت داخلہ میں ملاقات کی ، مسعود کر یمپیور نے وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کو اپنے پراجیکٹ ٹیررزم پری وینشن برانچ کے متعلق بر یفنگ دی۔ وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کو افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی مدعو کیا۔ ٹیررزم پری وینشن برانچ کے قیام سے انسداد دہشت گردی میں مدد حاصل ہوگی۔یہ پراجیکٹ نیکٹا کے ساتھ مل کر بھی کام کرے گا۔ مسعود کریمپیور کا کہنا تھا کہ اس پراجیکٹ کی کامیابی کے لئے وزارت داخلہ کا کردار نہایت اہم ہے۔ اس دوران وزیر داخلہ نے کہاکہ یہ ایک بہت اچھی کاوش ہے، اس کے لئے شہریوں میں شعور اور آگہی پیدا کرنا بے حد ضروری ہے ۔اعجازشاہ نے کہاکہ کسی بھی برائی کے خاتمے کا آغاز اس کی نشان دہی سے ہوتا ہے ، انصاف کی فراہمی کامیاب معاشرے کا سنگ بنیاد رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آگہی اور شعور سے جرائم کی سطح اور شدت پسند سوچ میں کمی واقع ہو گی۔اعجازشاہ نے کہاکہ دہشت گردی کے واقعات میں کمی آئی ہے اور امید کرتے ہیں کہ اس طرح کے پروجیکٹز کی مدد سے ہم اس مسئلے سے مکمل چھٹکارہ حاصل کر لیں گے۔یواین اوڈی سی چیف نے وزیر داخلہ سے درخواست کی کہ اس منصوبے کو کامیابی سے پایا تکمیل تک پہنچانے کے لئے ہمیں آپ کی راہنمائی کی ضرورت ہو گی۔