انویسٹی گیشن پولیس کے چالان جمع نہ کرانے سے متعلق خبر حقائق کے منافی ہے:ترجمان
لاہور(پ ر)لاہور پولیس کے ترجمان نے 16 جنوری کو روزنامہ نوائے وقت میں ’’ انویسٹی گیشن پولیس دیہاڑیوں میں سرگرم مہینوں مقدمات کا چالان جمع نہیں کراتی‘‘ کی سرخی کے ساتھ شائع ہونے والی خبر کو حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 2019 میں کل 105185 مقدمات درج ہوئے جن میں سے انویسٹی گیشن پولیس نے 50936 مقدمات کو چالان عدالت کیا جبکہ 6524 مقدمات جھوٹے اور بے بنیاد ہونے کی بنا پر خارج کئے گئے۔16770 مقدمات میں ملزمان نامعلوم ہونے کی بنا پر عدم پتہ تحریر کئے ہیں۔ مزید 30957 مقدمات تا حال زیر تفتیش ہیں۔ ترجمان کے مطابق ان حقائق کو مدنظر رکھا جائے تو واضح ہوتا ہے کہ ’’ مہینوں چالان جمع نہ کرانے‘‘ کا تاثر بے بنیاد ہے۔ سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد بالخصوص زیر التوا مقدمات نمٹانے اور چالان کی رفتار تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں جس کے بعد ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کی زیر نگرانی اس پہلو پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے۔