سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں پر افسوس ہوتا ہے۔لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں مسلم لیگ(ن) کے قائد نوازشریف سے پارٹی رہنمائوں اور کارکنان نے ملاقات کی۔ اس موقع پر خرم دستگیر، طلال چودھری، مفتی اسماعیل، پرویز رشید، عظمیٰ بخاری بھی موجود تھے۔ لیگی رہنمائوں نے نواز شریف کی خیریت اور صحت دریافت کی تو انہوں نے اپنی صحت کا حال غالب کے شعر کی صورت میں سناتے ہوئے کہا کہ ان کے دیکھے سے جو آجاتی ہے منہ پر رونق ، وہ سمجھتے ہیں کہ بیمار کا حال اچھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت بالکل ٹھیک ہے اور حوصلے بلند ہیں۔نواز شریف نے ملاقاتیوں کی فہرست کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کسی رہنما یا کارکن سے ملاقات کیلئے مجھے کوئی لسٹ نہیں دکھائی جاتی اور نہ ہی مجھ سے اجازت لی جاتی ہے، مجھ سے ملنے جو بھی آتا ہے اسے خوش آمدید کہتا ہوں۔نوازشریف نے سانحہ ساہیوال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تصدیق کئے بغیر بے گناہوں کا خون نہیں بہانا چاہیے تھا، چاہتا ہوں واقعہ کی شفاف تحقیقات ہوں، موجودہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کو سن کر افسوس ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری (سی پیک) کے لئے سردھڑ کی بازی لگائی تاکہ ملک خوشحال ہو، اب اگر اسے روکا جاتا ہے تو ملک کو بہت نقصان ہوگا، ملک میں معاشی ترقی و خوشحالی کے لئے جو اقدامات کئے اب حالات دیکھ کر افسوس ہوتا ہے، حکومت کو چاہئے کہ وہ عوامی مشکلات کے پیش نظر ملتان موٹروے فوری طور پر کھول دے۔
میرے ذہن میں سمائے خوف کو تسلّی بخش جواب کی ضرورت
Apr 17, 2024