بیکری روڈ صدر،ملٹری اکائونٹ آفس اور نو گزہ روڈ پر نالے کا پانی سڑک پر جمع ہو گیا
راولپنڈی (جنرل رپورٹر)حالیہ بارشوں کے نتیجہ میں بیکری روڈ صدر،ملٹری اکائونٹ آفس اور نو گزہ روڈ پر نالے میں پانی بھر جانے کے باعث نالے کا پانی سڑک پر جمع ہو گیا ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ،سارا دن پانی کھڑا رہنے سے سڑک میں گڑھے پڑ چکے ہیں جو حادثات کا باعث بن رہے ہیں ۔نوگزہ روڈ پر ملبہ کے ڈھیر لگ جانے سے سڑک مزید تنگ ہو گئی ہے جس کے باعث گھنٹوں ٹریفک بلاک رہتی ہے اس کے علاوہ ورکشاپ مالکان گاڑیوں کا کام مین سڑک پر کرتے ہیں جس سے شہریوں کو گزرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔شہریوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ فی الفور اس مسئلہ کو حل کیا جائے تا کہ شہریوں کو مزید اس اذیت کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔