ساہیوال جیسے واقعات عوام میں خوف وہراس پھیلارہے ہیں:ثمینہ سعید
لاہور (لیڈی رپورٹر)جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثمینہ سعید ،صدر صوبہ پنجاب اور صدر ضلع لاہور نے سانحہ ساہیوال کے لواحقین خلیل کی والدہ بہنوں اور ان کے بچوں ذیشان کی والدہ بیوہ اوربچوں سے ملاقات کی اور ان کو یقین دلایا بے گناہ خون بہانے اور مظلوم خاندان کو ا نصاف دلانے کے لیے جماعت اسلامی ہر طرح سے ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ اور دونوں خاندانوں کے بچوں کی تعلیم کے اخراجات جماعت اسلامی حلقہ خواتین اٹھائے گی۔ ایسے سانحے عوام میں خوف وہراس پھیلارہے ہیں۔ اور سی ٹی ڈی کے ادارے کو مشکوک بنارہے ہیں جن کوملک کی حفاظت کا ذمہ دار ہونا چاہیے تھا وہی کمزور اور نہتے شہریوں پر گولیاں برسا رہے ہیں۔جماعت اسلامی حلقہ خواتین مطالبہ کرتی ہے کہ مجرم کو معطل کرنے کے بجائے مجرمو ںکو عوام کے سامنے لایا جائے اور حقائق کی روشنی میں ان کو سخت ترین سزا دی جائے تاکہ معاشرے میں ایسے واقعات سے دوسرے خاندان تباہ ہونے سے بچ سکیں ۔