کفر اور غداری کے سرٹیفکیٹ دینے والوں کی حوصلہ شکنی کی جائے: پیر امین الحسنات
لاہور(خصوصی نامہ نگار ) کسی کو کافراور غدار قرار دینا معمول بن چکا ہے۔کفر اورغداری کے سرٹیفیکیٹ تقسیم کرنے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کی جائے۔اور ہر سطح پر سختی سے محاسبہ کیا جائے گا۔برادشت کلچر کے فروغ کے لئے صوفیا ء کرام کے افکار و نظریات نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔صوفیاء کے پیغام محبت کی ترویج و اشاعت کو خصوصی اہمیت دی جائے۔یکم فروری سے چاروں صوبوں سے ’’سدا سلامت پاکستان مہم ‘‘کا آغاز کیا جائے گا،5فروری کو پاکستان کے تمام شہروں میں ’’یوم کشمیر‘‘ منایا جائے ،جبکہ کل جمعہ25جنوری کو ایک لاکھ سے زائد مساجد میں’’سدا سلامت پاکستان‘‘ کے موضوع پر علماء کرام ومشائخ عظام خطبات جمعہ دیں گے۔ اس امر کا اظہار بدھ کی صبح سدا سلامت پاکستان فورم کے زیر اہتمام مقامی ہال میں ’’اساس پاکستان اور ملی ہم آہنگی کے تقاضے ‘‘کے موضوع پر ملک گیر سطح پر منعقد ہونے والی کانفرنس کے اختتام پرجاری کئے گئے مشترکہ اعلامیہ میں کیا۔کانفرنس کی صدارت سابق وفاقی وزیر پیر امین الحسنات شاہ چیئرمین سدا سلامت پاکستان فورم نے کی ،کانفرنس میں جنرل (ر) ناصر جنجوعہ، فرید پراچہ ،بشسپ عرفان جمیل ،پیر اعجاز ہاشمی،ڈاکٹر محمد حسین اکبر،جسٹس(ر) میاں محبوب احمد ،دیوان احمد مسعود،پیر سید حبیب احمد عرفانی،پیر خواجہ غلام قطب الدین فریدی،پیر سید محفوظ مشہدی ،پیر سائیں شعبان فرید ،دیوان نصر محمود ،مولانا عبدالرحمن لدھیانوی اوردیگر شرکت کی ۔سابق وزیر مملکت برائے مذہبی امور سجادہ نشین بھیرہ شریف پیر محمد امین الحسنات شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے ملک کی بنیادی فکریں زوال پذیر ہے۔آج ہمارے ملک کی صورتحال نازک ہے۔ملک مخالف قوتوں کو جواب دینے کی ضرورت ہے۔ہمیں پاکستان کی حفاظت کرنی ہے ۔