عوامی بہبو د کے منصوبے بروقت مکمل کئے جائینگے ، ممتا ز شاہ
کراچی(نیوز رپورٹر)نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ سابق وفاقی وزیرپیٹرولیم ڈاکٹرحاجی محمدحنیف طیب نے چیف سیکریٹری سندھ سیدممتازعلی شاہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔رہنماؤں کے درمیان سندھ بالخصوص کراچی کی صورت حال پر گفتگوہوئی۔ اس موقع پر شبیر احمدقاضی اورمحمد نفیس قادری بھی موجودتھے ۔ڈاکٹرحاجی حنیف طیب نے چیف سیکریٹری سندھ سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ٹوٹی پھوٹی سڑکیں جگہ جگہ کھدے ہوئے گڑھے،سیوریج کا بہتاگنداپانی،گرائی گئی تجاویزات کا سڑکوں پر پڑاہواملبہ،اُڑتی ہوئی دھول،خاک ومٹی،ٹریفک کا بے ہنگم نظام شہریوں کے لئے پریشانی کا باعث بن رہاہے۔ٹریفک جام کے سبب وقت اور پیڑول کازیاںہورہاہے۔بالخصوص کراچی میں گرین لائن منصوبے کی تاخیر کی وجہ سے عوام انتہائی کرب میں مبتلاہیں،کیپری سنیماسے نوائے وقت کے دفترتک آنے ،جانے والی چورنگی دونوں اطرف سے بندہونے کی وجہ سے عوام مشکلات کاشکارہیں،سول ہسپتال ،کارڈیوں ودیگر ہسپتال جانے آنے میں مریضوں کودشواری ہورہی ہے۔ کراچی میں جاری عوامی منصوبوں کوجلدازجلد مکمل کیاجائے۔انکا مزید کہناتھاکہ امن وامان کی صورت حال میں ماضی کی نسبت کچھ بہتری تو آئی ہے لیکن مزید بہتری لانے اوراسٹریٹ کرائم میں آئے روزہونے والی وارداتوں پر قابوپانے کی ضرورت ہے۔ چیف سیکریٹری سندھ سید ممتازعلی شاہ نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ میں نے آپ کے معروضات بغورسن لی ہیں۔ عوامی مسائل کوحل کرنے کے لئے بھرپورکوشش کررہے ہیں۔عوام کی سہولت کے لئے جاری منصوبے جلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔امن وامان کی صورت حال کو بہتر بنانے کے لئے مؤثر اقدامات کئے جارہے ہیں، بہت جلد عوام کو اس میں بہتری نظر آئے گی۔