ہائر پاکستان اور پشاور زلمی کے درمیان پی ایس ایل ٹائٹل سپانسر شپ کا معاہدہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) ہائر پاکستان اور پشاور زلمی کے درمیان پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے لیے ٹائٹل سپانسر شپ کا معاہدہ ہو گیا۔ اس سلسلہ میں خصوصی تقریب لاہور کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی اور ہائر پاکستان کے نمائندوں نے ایم او یو پر دستخط کیے۔ اس موقع پر پشاور زلمی کے کھلاڑی ٹیسٹ کرکٹر کامران اکمل اور فرسٹ کلاس کرکٹر عمید آصف ہائر پاکستان کے سی ای او لی داپانگ، ڈائریکٹر ساوتھ ایشیا مارکیٹنگ یو شی پنگ بھی موجود تھے۔ تقریب میں پشاور زلمی ٹیم کی کٹ کی رونمائی بھی کی گئی۔ اس موقع پر میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ پی ایچ ایف سے درخواست ہے کہ وہ اپنے اندر پروفیشنلزم اور شفافیت لائے۔ پی ایچ ایف میں شفافیت کا فقدان ہے۔ جب تک پی ایچ ایف شفافیت نہیں لائے گی ان کے ساتھ کوئی کاروبار نہیں کریگا، پی ایچ ایف کے ساتھ 2020 تک معاہدہ ہے آدھی رقم ادا کرچکے ہیںپی ایچ ایف کی باقی ادائیگی معاہدہ کے مطابق ادا کرینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی کے تمام کھلاڑی پاکستان آکر کھیلیں گے، کسی ایسے کھلاڑی کو نہیں لیں گے جو پاکستان آنے کو تیار نہیں ہے۔