شوگر مل مالکان اپنا قبلہ درست کرلیں،کاشتکاروں کے مفادات کے تحفظ کیلئے آخری حد تک جاؤں گا:شہبازشریف
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں شوگر ملوں کی جانب سے گنے کے کاشتکاروں کو ادائیگیوں کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گنے کے کاشتکاروں کی محنت کو ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔ شوگر ملوں کو گنے کے کاشتکاروں کو ان کا حق دینا ہوگا۔ جو مل کاشتکار سے کم نرخ پر گنا خریدے گی اس کے مالک کو قانون کے مطابق گرفتار کیا جائے گا اور اس معاملے میں کسی سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔ میرے عزیز یا رشتہ دار کی مل بھی کم نرخ پر گنا خریدے گی تو اس کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شوگر مل مالکان اپنا قبلہ درست کرلیں۔ میں کاشتکاروں کا نقصان کسی صورت برداشت نہیں کروں گا اور انکے مفادات کے تحفظ کیلئے آخری حد تک جاؤں گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جہاں کہیں سے بھی کم نرخ پر گنا خریدنے کی شکایت ملے تو فوری طور پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ صوبائی وزراء اور سیکرٹریز کاشتکاروں کے مفادات کے تحفظ کیلئے فیلڈ میں موجود رہیں اورروزانہ کی بنیاد پراپنی رپورٹ وزیراعلیٰ کے آفس بھجوائیں۔ صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ، بلال یاسین، شیخ علاؤالدین، نعیم اختر بھابھہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ صوبائی وزیر ڈاکٹر فرخ جاوید اور سیکرٹری زکوٰۃ سرگودھا سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔