استحکام پاکستان اور جمہوریت کیلئے وکلا کا کردار مثالی رہا: شاہ محمود
ملتان (سپیشل رپورٹر) سابق وزیر خارجہ اور تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک پاکستان‘ تحریک بحالیہ عدلیہ اور استحکام پاکستان و جمہوریت کی بقاء کے لئے وکلاء کے کلیدی کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا جب پاکستانی قوم ہر طرف سے مایوس ہو جاتی ہے تو محب وطن سیاسی جماعتوں اور وکلاء کی طرف ہی امید بھری نظروں سے دیکھتی ہے اور وکلاء نے کبھی عوام کو مایوس نہیں کیا اور انصاف کی فراہمی میں وکلاء ہی اپنا کردار ادا کرتے ہیں پاکستان کی بارز واحد ادارہ ہیں جو پاکستان میں کسی بھی طرح کے حالات کے باوجود انتخابات بروقت مکمل کرتے ہیں اور خوش اسلوبی سے اپنے اختیارات نومنتخب لوگوں کو منتقل کرتے ہیں۔ وکلاء کے اس جمہوری عمل سے سیاسی جماعتوں کو بھی سبق حاصل کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے نومنتخب صدر ملک محبوب علی سندیلہ اور جنرل سیکرٹری جاوید اقبال اوجلہ کو ان کی رہائش گاہ پر مبارکباد دینے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔