ن لیگ احتساب سے گھبرانے کی بجائے عدالتوں کا سامنا کرے : میاں مقصود
ملتان (نامہ نگار خصوصی) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ شریف برادران کی جانب سے نیب کودھمکیاں دینااور عدالتوں کاتمسخر اڑانا انتہائی قابل مذمت ہے۔ مسلم لیگ (ن) کو احتساب سے گھبرانے کی بجائے عدالتوں کا سامنا کرنا چاہئے۔ اداروں کااحترام ہرصورت ملحوظ خاطر رکھنا ہوگا۔ ایسا محسوس ہوتاہے کہ شریف برادران اپنے اوپر لگنے والے کرپشن کے الزامات سے بچنے کے لیے اہم اور حساس اداروں کے خلاف بیان بازی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی کرپشن بے نقاب ہوچکی ہے۔پاناماکیس میں نوازشریف کی نااہلی اس بات کاثبوت ہے کہ حکمران طبقہ بڑے پیمانے پرکرپشن اور ٹیکس چوری میں مصروف ہے ۔کرپشن کے خلاف متحد ہوکرہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ کرپٹ افراد چاہے وہ حکومتی صفوں میں ہوں یااپوزیشن کی صفوں میںسب کا بلاتفریق احتساب ہونا چاہئے۔ پانامہ لیکس میں بے نقاب ہونے والے دیگر پاکستانیوں کے خلاف بھی سخت ترین تادیبی کارروائی ہونی چاہئے۔ نیب سمیت دیگر اداروں میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف بھی اقدامات کیے جائیں۔بددیانت حکمران ملک وقوم پر عذاب بن چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک میں کرپشن کاقلع قمع کرنے کے لیے بھرپورانداز میں تحریک چلارہی ہے۔