کینیا سے درآمد شدہ چائے کی پتی میں مضر صحت کیمیکل کا انکشاف
کراچی(این این آئی)کینیا سے پاکستان درآمد کی جانے والی چائے میں مضر صحت کیمیکل Aflotoxin کمپائونڈ اور دیگر مضر کیمیکل موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کی جانب سے وزیر تجارت پرویز ملک کو ایک خط تحریر کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں کینیا سے آنے والی چائے انسانی صحت کے لیے مضر ہے اور اس میں ایفلو ٹاکسن نامی ایک انتہائی مضر صحت جز شامل ہے جو کہ جسمانی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہوتا ہے۔رائس ایکسپورٹرز ایسوی ایشن کے چیئرمین سمیع اللہ نعیم نے کہا ہے کہ کینیا سے آنے والی چائے میں مضر صحت اجزا کی باقاعدہ لیبارٹری جانچ ہو نی چاہیے ساتھ ہی گوداموں میں ذخیرہ کی گئی کینیا کی چائے کی بھی جانچ پڑتال کی جائے۔دوسری جانب پاکستانی ٹی ایسوی ایشن کے وائس چیئرمین محمد آصف رحمان نے اس الزام کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ معاملہ پہلے ہی عدالت میں ہے۔