شوکت بلوچ و مراد بخش چاچا یادگاری فٹبال ٹورنامنٹ میں چھ میچز کا فیصلہ
کراچی ( اسپورٹس رپورٹر) شرافی محمڈن گرائونڈ میں جاری آل کراچی شوکت بلوچ و مراد بخش عرف چاچا یادگاری فٹبال ٹورنامنٹ میں مزید چھ میچوں کا فیصلہ ہوگیا۔پہلے میچ میں اعظم اسپورٹس نے دلبود محمڈن کو مقررہ وقت میں مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہنے کے بعد پنالٹی ککس پر 7-6سے قابو کرلیا۔ دوسرے میچ میں برما محمڈن نے بلوچ یونین کو پنالٹی ککس پر5-4 سے زیر کیا۔ مقررہ وقت میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے برابررہا۔ تیسرے میچ میں خیبر مسلم بلدیہ نے تنظیم اسپورٹس گذری کو باآسانی 3-0سے ٹھکانے لگادیا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے عزیز، ظفر اور جلال نے ایک ایک گول اسکور کیا۔ چوتھے میچ میں آذاد الیون ملیر نے بلوچ فائیٹر ملیر کو3-1 سے ہرانے میں کامیاب رہی۔ آذاد الیون ملیر کی طرف سے مصطفی نے دو گول اور جاوید نے ایک گول اسکور کیا۔ ناکام سائیڈ بلوچ فائیٹر ملیر کا واحد گول نعمان نے بنایا۔پانچویں میچ میں آل برادرز نے ینگ پنجگور ایف سی کو2-0 سے ہرادیا۔ آل برادرزکی طرف سے ثناء اللہ اور مختیار نے ایک ایک گول اسکور کئے ۔ چھٹے میچ میں ینگ جمال ایف سی نے ایک سخت مقابلے کے بعد بلوچ یوتھ گارڈن کو1-0 سے شکست دیدی۔ ینگ جمال کی جانب سے اظہر بلوچ نے فیصلہ کن گول بناکر اپنی ٹیم کو سرخرو کیا۔