مضبوط ،ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان چین کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں :چینی سفیر یا ئو جنگ
اسلام آباد(آئی این پی ) سپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ سی پیک سے پاک چین سمیت خطے کے تمام ممالک کی معیشت بہتر ہوگی،چین کا ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ اس صدی کا بہترین اقدام ہے،چین اور پاکستان ایک دوسرے کے ساتھ لازوال دوستی کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں جبکہ چینی سفیر نے کہا کہ مضبوط ،ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان چین کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ۔ منگل کو چین کے سفیر یا ئو جنگ کی سپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقا ت کی جس میں دوطرفہ قریبی تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر سپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ چین اور پاکستان ایک دوسرے کے ساتھ لازوال دوستی کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں،پاکستا ن چین کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا پارلیمان تا پارلیمان اورعوامی رابطہ سازی سے ہی ہم اپنے مطلوبہ نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا پاک۔چین اقتصادی راہداری سے دونوں ملکوں سمیت خطے کے تمام ممالک کی معیشت بہتر ہوگی،چین کی جانب سے ون بیلٹ ون روڈکا منصوبہ اس صدی کا بہترین اقدام ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کی پارلیمان اور عوام اپنے پڑوسی ملک چین کے لیے اپنے دلوں میں ایک اہم مقام رکھتی ہے۔ اس موقع پر چینی سفیر یائو جنگ نے کہا مضبوط ،ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان چین کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہے،پاکستان میں حالیہ سپیکرز کانفرنس کے کامیاب انعقاد سے خطے میں دوررس نتائج مرتب ہونگے۔