پرنسپل کے قاتل طالب علم کا 3روزہ ریمانڈ‘ توہین مذہب کے شواہد نہیں ملے: ڈی پی او چارسدہ
چارسدہ (نوائے وقت رپورٹ) چارسدہ کے علاقے شب قدر میں مقتول پرنسپل سدیرخان کی تدفین کر دی گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق پرنسپل سدیر خان کو قتل کرنے والے ملزم طالب علم فہیم کا تین دن کا ریمانڈ حاصل کرلیا گیا۔ علاقے بھر میں سوگ‘ نجی کالجز کو تین دن کیلئے بند کردیا گیا۔ ڈی پی او کا کہنا ہے کہ ہر پہلو سے تفتیش کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کی قیادت واقعہ پر خاموش ہے اور کوئی بیان نہیں دیا۔واضح رہے نجی ٹی وی کے مطابق طالب علم فہیم نے 22جنوری کو پرنسپل سدیراحمد پرتوہین مذہب کا الزام عائد کرکے اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے سدیراحمد جاں بحق ہوگئے۔ ڈی پی او چارسدہ ظہور کا کہنا ہے کہ پرنسپل سدیراحمد کی جانب سے توہین مذہب کے شواہد نہیں ملے۔ پرنسپل اور طالب علم کے درمیان غیرحاضری لگانے پر تکرار ہوئی تھی، ملزم نے طیش میں آکر فائرنگ کر دی۔