نواز شریف کی احتساب عدالت آمد پر ڈیلی ویجز اساتذہ کا احتجاج
اسلام آباد (نامہ نگار) سابق وزیراعظم نواز شریف کی احتساب عدالت پیشی کے موقع پر وفاقی تعلیمی اداروں کے ڈیلی ویجز ملازمین نے اپنی مستقلی کے لئے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا‘ ڈیلی ویجز مرد و خواتین اساتذہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی آمد پر ان کی گاڑی روکنے کی کوشش کی ‘ مظاہرین نے وزیر مملکت کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ ڈیلی ویجز ملازمین کے مظاہرے کے باعث ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اس بار احتساب عدالت نہیں آئے ۔منگل کو سابق وزیراعظم نواز شریف کی احتساب عدالت پیشی کے موقع پر وفاقی نظامت تعلیمات کے تحت کام کرنے والے سرکاری سکولوں اور کالجز کے ڈیلی ویجز مرد و خواتین اساتذہ نے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے سابق وزیراعظم کی احتساب عدالت آمد کے موقع پر ان کی گاڑی روکنے کی کوشش کی اور نواز شریف کی گاڑی جونہی جوڈیشل کمپلیکس کے قریب پہنچی تو مظاہرین نے شدید نعرے بازی کی اور اپنی مستقلی کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے وزیر مملکت کیڈ طارق فضل چوہدری کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور کہا کہ ان کو مستقل کرنے کی راہ میں وزیر مملکت طارق فضل رکاوٹ ہیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور نواز شریف تمام صورتحال کا نوٹس لیں اور اساتذہ کو مستقل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مطالبات درج تھے۔ مظاہرین نے کہاکہ وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کے اساتذہ مستقلی کے لیے کئی روز سے سڑکوں پر ہیں ،2011ء میںپیپلزپارٹی حکومت نے کابینہ کی خصوصی کمیٹی کی سفارشات پر ایک لاکھ سے زائد ملازمین کو مستقل کیا تاہم بیوروکریسی کے جھگڑوں کے باعث سرکاری تعلیمی اداروں کے اساتذہ وغیر تدریسی عملہ مستقل نہ ہوسکا۔ملازمین کا کہنا ہے موجودہ حکومت کے چار سالوں میں بھی یہ ملازمین اپنا حق مانگ رہے ہیں، میاں نواز شریف نے تو وزیر اعظم ایجوکیشن ریفارمز کا اعلان کیا لیکن تنخواؤں کی ادائیگی اور مستقلی کے لیے تعلیمی اداروں کے ڈیلی ویجزملازمین کا احتجاج وزیر کیڈ کی نااہلی ہے ۔انہوں نے کہاکہ چھ ماہ سے تنخوائیں نہ ملیں تو مجبور ہو کریہاں پہنچے ہیں،مظاہر ین کا کہنا تھا کہ مستقلی تک احتجاج جاری رہے گا اورہر سماعت پر ایسے ہی احتساب عدالت کے باہر میاں نوازشریف کے قافلے کے سامنے اپنا حق مانگتے رہیں گے۔ واضح رہے ڈیلی ویجزاساتذہ وغیر تدریسی عملہ کے احتجاج کے باعث وفاقی اداروں میں تعلیمی سرگرمیاںشدید متاثر ہیںاور پرنسپل صاحبان کو کلاسز مینج کرنے میں سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔سابق وزیراعظم میاں نواز شریف احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات چیت کئے بغیر روانہ ہوگئے‘ وہ ہر پیشی پر عدالتی کارروائی ختم ہونے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے تھے تاہم اس پیشی پر وہ کمرہ عدالت سے جب باہر آئے تو کچھ دیر کے لئے جوڈیشل کمپلیکس کے مرکزی دروازے پر رکے تاہم میڈیا سے بات چیت کئے بغیر پنجاب ہائوس روانہ ہوگئے۔