وزیراعظم بن گیا تو ہر صوبے کو پنجاب جیسا بنادوں گا:شہباز شریف
ملتان‘ لیہ‘ جمن شاہ (سپیشل رپورٹر‘ نمائندوں سے) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان ایک ایسے لیڈر ہیں جو 24 گھنٹے صرف جھوٹ ہی بولتے ہیں۔ ایک جھوٹے شخص کو عوام ووٹ کیسے دے سکتے ہیں۔ کے پی کے میں ڈینگی کا حملہ ہوا تو خود نتھیا گلی کے پہاڑوں پر چڑھ گیا۔ قیامت کی نشانی ہے کہ آصف زرداری اب کرپشن کا حساب ہم سے لے گا۔ اگر وزیراعظم بن گیا تو ملک کے ہر صوبے کو پنجاب جیسا بناؤنگا۔ کے پی کے اور سندھ کی محرومیوں کا خاتمہ ہو گا۔ صحت کی سہولیات کی فراہمی ہر غریب تک پہنچانا میرا فرض ہے۔ عمران خان نے وعدہ کیا تھا کہ وہ کے پی کے میں بجلی پیدا کر کے ملک بھر کو فراہم کرے گا مگر کے پی کے میں گزشتہ 5 سالوں میں ایک واٹ بجلی نہیں بنی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لیہ میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو عوام کی طاقت سے عظیم اور طاقت ور ملک بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ 24 گھنٹے جھوٹ بولنے والا اور سر سے پاؤں تک کرپشن میں ملوث عمران اور زرداری عوام سے محبت کا ڈھونگ رچا کرکس منہ سے عوام کے پاس جائیں گے۔ مسلم لیگ ن عوام کی نجات دہندہ جماعت ہے ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں انصاف ہو‘ لوگ خوشحال ہوں‘ کارخانے چلیں‘ کھلیان سرسبز و شاداب ہوں غریب اور امیر میں کوئی فرق نہ ہو۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اگر شمالی پنجاب میرا دماغ ہے تو جنوبی پنجاب میرا دل ہے۔ دماغ شمالی پنجاب کے لوگوں بارے سوچتا ہے تو میرا دل جنوبی پنجاب کے عوام کے لئے دھڑکتا ۔ میں اپنے دل و دماغ کے بغیر کیسے رہ سکتا ہوں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے لیہ‘ چوک اعظم اور چوبارہ کو ماڈل سٹی بنانے کے لئے 30, 30 کروڑ روپے کی گرانٹ دینے کا اعلان کیا۔ اسی طرح بہادر کیمپس کو مکمل یونیورسٹی کا درجہ دینے اور ٹیکنیکل کالج کو یونیورسٹی سے منسلک کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے آئندہ الیکشن میں موقع دیا تو لیہ کو ملتان بنا دیں گے۔ لودھراں کی طرح لیہ‘ چوک اعظم کے لوگوں کو بہتر سہولتوں کے لئے سپیڈو بس سروس کا تحفہ دیں گے۔ وزیراعظم پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ کسانوں کی طرح گنے کی قیمت نہ ملنے پر میں بھی پریشان ہوں لیکن میں چپ نہیں بیٹھا کسان کو اس کا حق دلا کر دم لوں گا۔ کسان کا استحصال کرنے میں اگر میرے کسی عزیز کی مل شامل پائی گئی تو میں رشتہ داری کی بھی پرواہ نہیں کروں گا انہیں جیل بھجوانا پڑا تو جھجکوں گا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیہ میں تھل کینال کی ری ماڈلنگ کا منصوبہ 28 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کر کے تھل کو سیراب کریں گے۔ گریٹر تھل کینال کے منصوبے پر عمل کرائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم نے میاں نواز شریف کی قیادت میں عوام کی خدمت کی ہے اگر عوام کا کسان کا درد نہ ہوتا تو کھاد کیوں سستی کرتے۔ کھاد کی قیمت آدھی کر دی۔ ٹیوب ویل کے لئے بجلی پر اربوں روپے کی سبسڈی دی۔ کسانوں کو بلاسود زرعی قرضے دے کر سود کی لعنت سے بچایا۔ صحت کے شعبہ میں سرکاری ہسپتالوں کو جدید مشینری اور آلات دئیے اب لیہ میں بھی سٹی سکین مشین 24 گھنٹے سروس فراہم کر رہی ہے۔ اب ڈاکٹر‘ نرسیں ادویات سمیت گھر کی دہلیز پر دستیاب ہوں گے۔ سرکاری ہسپتالوں میں دی جانے والی ادویات کا معیار ایسا بنایا کہ وزیراعظم اور عام آدمی ایک ہی دوا استعمال کریں۔ تعلیم کے شعبے میں لاکھوں اساتذہ میرٹ پر بھرتی کئے‘ معیار تعلیم کو بہتر بنایا‘ پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ سے لاکھوں بچیوں اور بچوں پر اعلیٰ تعلیم کے در ورا کئے۔ کیا یہی ہمارا جرم ہے کہ ہم نے لوگوں کو تعلیم دی‘ بجلی دی‘ روزگار دیا‘ کسان کی خوشحالی کے لئے کام کیا۔ عوام کی خدمت کے لئے دل لگا کر کام کیا کہیں کوئی کمی رہ گئی ہے تو انسان ہیں عوام نے موقع دیا تو اس کمی کو بھی پورا کریں گے۔ زرداری صاحب شیروانی پہن کر کہتے ہیں کہ شریف برادران کی کرپشن کا حساب لینے آیا ہوں خدا کی قدرت جو سر تا پاؤں کرپشن کا معمار ہے وہ دوسروں کے احتساب کی بات کرتے ہیں یہ قیامت کی نشانی ہے۔ ان کی ٹیم نے سندھ کے عوام کو کیا دیا۔ لاڑکانہ میں بظاہر اربوں روپے کے منصوبوں کا اعلان کیا مگر عملی طور پر کچھ بھی نظر نہیں آیا۔ عوام کا پیسہ کہاں گیا۔ عمران خان میری میٹرو بس کو جنگل بس کہتا رہا مگر اب پشاور میں وہی جنگلہ بس شروع کرنے جا رہا ہے۔ صوبائی مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ہم صحت کارڈز کے دائرہ کار کو پورے صوبے تک پھیلا دیں گے مگر ہم پر تنقید کرنے والے اب خالی کرسیوں کو دیکھ کر اپنی حیثیت جان چکے ہیں۔ ایم این اے سید ثقلین بخاری نے کہا کہ ہم نے اندھیروں کو ختم کیا ہے۔ ملک میں دہشت گردی کا راج تھا وہ ختم ہوئی۔ بس ملک کو پھر ترقی دینا شریف برادران کا جرم بن گیا مگر عوام کے دلوں میں آج بھی نوازشریف کا ہی راج ہے۔ لیہ کے عوام اپنے محسنوں کو نہیں بھولتے۔ انشاء اللہ 2018ء کے الیکشن میں لیہ سے مسلم لیگ ن کلین سویپ کرے گی۔ اب کی بارشہباز شریف یہاں وزیراعظم بن کر آئیں گے۔ ایم این اے صاحبزادہ فیض الحسن نے کہا کہ لیہ کے لئے سیم بند بنا کر وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے لیہ کے عوام کے دل جیت لئے ہیں۔ ہر سال ہزاروں افراد سیلاب سے متاثر ہوتے ہیں جواب نہیں ہونگے۔ ایم پی اے قیصر عباس مگسی نے کہا کہ آج کا دن لیہ کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ آج لیہ کو کئی میگا پراجیکٹ ملے ہیں جو جنوبی پنجاب سے وزیراعلیٰ شہباز شریف کی محبت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ ملتان سے تعلق رکھنے والے ایم این اے ملک عبدالغفار ڈوگر نے کہا کہ جتنے ترقیاتی کام جنوبی پنجاب میں گزشتہ 10 سالو میں ہوئے ہیں اتنے کام گزشتہ 70 سال میں بھی نہیں ہوئے تھے۔ سابق صوبائی وزیر چودھری وحید ارائیں نے کہا کہ مخالفین بھی اب تو مانتے ہیں کہ شہباز شریف نے ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے ہر شہر میں مثالی ترقیاتی کام کرائے ہیں۔ اس موقعہ پر ایم پی اے مہر اعجاز اچلانہ‘ ایم پی اے چوھری اشفاق احمد نے کہا کہ عوام کے دلوں سے نوازشریف کو الگ نہیں کیا جا سکتا۔ نوازشریف 20 کروڑ عوام کے آج بھی وزیراعظم ہیں۔ مخالفین کو آئندہ الیکشن میں اپنی حیثیت کا پتہ چل ہی جائے گا۔