نئی دہلی اسمبلی کی خاتون رکن کی اجلاس میں 2ماہ کی بچی سمیت شرکت
نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) گزشتہ برس ایک آسٹریلوی خاتون رکن پارلیمنٹ نے اپنے شیر خوار بچے سمیت پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کی اور اسے دودھ بھی پلایا تھا۔ گزشتہ ہفتے بھارت کی خاتون رکن اسمبلی کو بھی اپنی شیر خوار بیٹی سمیت اسمبلی کے اجلاس میں دیکھا گیا۔نئی دہلی اسمبلی کی رکن سریتا سنگھ اجلاس میں اپنی 2 ماہ کی بیٹی کے ساتھ شریک ہوئیں۔ سریتا سنگھ نے بچی کو دودھ پلانے کے لیے ڈپٹی سپیکر نئی دہلی کے دفتر کا استعمال کیا۔ سریتا سنگھ نے اجلاس میں مختلف مسائل پر ہونے والے مباحثوں میں بھی حصہ لیا، جب کہ اس دوران ان کی بیٹی ان کے ساتھ رہی۔ خاتون رکن کی جانب سے بچی سمیت اجلاس کی کارروائی میں شرکت کرنے پر ان کے اس قدم کو سوشل میڈیا پر سراہا جا رہا ہے، تاہم دوسری جانب اس بات پر افسوس کا اظہار بھی کیا جا رہا ہے کہ خاتون ارکان کے لیے میٹرنٹی چھٹیاں کیوں نہیں۔ سریتا سنگھ نے انکشاف کیا کہ خاتون رکن اسمبلی کے لیے کوئی بھی میٹرنٹی چھٹیاں نہیں ہیں۔سریتا سنگھ نے میٹرنٹی چھٹیاں نہ ملنے پر افسوس کا اظہار کرنے کے بجائے اس بات پر خوشی کی کہ اچھا ہے کہ انہیں چھٹیاں نہیں ملیں، کیوں کہ اگر وہ چھٹیاں کرتیں تو ان کی بیٹی زیادہ لوگوں سے نہیں مل پاتیں۔ واضح رہے کہ سریتا سنگھ کا تعلق عام آدمی پارٹی (آپ) سے ہے، وہ 2015 میں روہتاس نگر کے حلقے سے اسمبلی کی رکن منتخب ہوئیں۔انہوں نے رکن اسمبلی منتخب ہونے کے بعد عام آدمی پارٹی کی جانب سے اینٹی کرپشن مہم کے دوران اپنی ہی پارٹی کے رکن ابھیناو رائے سے 2016 میں شادی کرلی۔