کس قانون کے تحت وزیراعلیٰ پنجاب کو نااہل قراردیں: ہائیکورٹ‘درخواست پر فیصلہ محفوظ
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ نے وزیراعلیٰ شہباز شریف کی نااہلی کے لیے دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کس قانون کے تحت عدالت وزیراعلیٰ پنجاب کو نااہل قرار دے۔ درخواست گزار نے موقف اختیارکیا کہ وزیر اعلی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے چیئرمین کے عہدے پر براجمان ہیں۔ آئین اور قانون کے تحت وہ بیک وقت دو عہدے اپنے پاس نہیں رکھ سکتے۔ دوعہدے رکھے جانے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ بھی موجود ہے۔ شہباز شریف آرٹیکل 63 کے تحت اہل نہیں رہے۔ دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ نے نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی امراء سے رکاوٹیں ہٹانے کیلئے دائر درخواست کی سماعت کے لیے فل بنچ تشکیل دے دیا جو 31 جنوری سے سماعت کرے گا۔ جسٹس شاہد کریم نے جاتی امرا ، وزیراعلی کیمپ آفس اور آئی جی آفس کے باہر لگائی گئی رکاوٹوں کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردئیے ۔ بنچ کی سربراہی جسٹس امین الدین کریں گے جبکہ جسٹس شاہد کریم اور جسٹس شاہد جمیل شامل ہیں۔