سرکاری کالجوں میں درجہ چہارم کی بھرتیاں سفارش کے تحت ہوئی ہیں
چکوال( نامہ نگار ) ضلع چکوال کے سرکاری کالجوں میں درجہ چہارم کی بھرتیاں قطعی طو رپر سفارش کے تحت ہوئی ہیں جبکہ اہل لوگوں کو نظر انداز کر دیا گیا ہے۔ ان بھرتیوں کیلئے پنجاب حکومت کی ہدایت پر جو کمیٹی قائم کی گئی تھی اس کمیٹی نے انٹر ویو بھی نہیں لیے اور دفتر میں بیٹھ کر ہی یکطرفہ طور پر بھرتیا کر دی گئی ہیں۔ ملک محمد شریف ساکن پنڈھیرہ نے سیکرٹری ہائر ایجوکیشن پنجاب کو تحریری درخواست دیتے ہوئے بتایا کہ اس کے دو بیٹے بھی نظر انداز کر دیے گئے ہیں جبکہ وہ ان بھرتیوں کے قواعدو ضوابط پر پور ااترتے تھے۔ ملک شریف نے اپنے موقف میں مزید بتایا کہ اراکین اسمبلی کی سفارش پر لوگوں کو بھرتی کیا گیا ہے اور حتیٰ کے پرائمری پاس لوگ بھی بھرتی کیے گئے ہیںجبکہ میٹرک پاس امیدواروںکو محروم کردیاگیا ہے۔درخواست میں مزید الزام لگایا گیا ہے کہ گورنمنٹ کالج کے ہیڈ کلرکوں اور دیگر بااثر افراد کے رشتہ دار بھرتی کر لیے گئے ہیں۔
محمد شریف نے مطالبہ کیا ہے کہ ان تمام بھرتیوںکو کالعدم قرار دیا جائے۔