چیئرمین نیب کا ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی کیخلاف اپنے ہی افسر کو حبس بے جا میں رکھنے پر انکوائری کا حکم
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) چیئرمین نیب نے قومی احتساب بیورو میں بھی احتساب کا عمل شروع کردیا ہے جسٹس (ر) جاوید اقبال نے ڈائریکٹرجنرل نیب راولپنڈی کے خلاف اپنے ہی افسر کو حبس بیجا میں رکھنے پر انکوائری کا حکم دے دیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے ڈی جی نیب راولپنڈی ناصر اقبال کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا ہے ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے نیب راولپنڈی کے ہی ایک آفیسر کو حبس بیجا میں رکھا ہے اس زریعے کے مطابق ڈائریکٹرجنرل راولپنڈی نے شرجیل میمن کے خلاف درج مقدمے میں گرفتار ملزمان کے حوالے سے معلومات لیک کرنے کا الزام لگا کر ڈپٹی ڈائریکٹر نیب راولپنڈی محمد بلال خان کو آٹھ گھنٹے حبس بیجا میں رکھا اور اس معاملے کی رپورٹ نیب ہیڈ کوارٹر کے انٹیلی جنس سیل نے چیئرمین نیب کو کی تھی جس پر چیئرمین نیب نے فوری طورپر نوٹس لیا تھا۔