پی سی بی آئین کی خلاف ورزی کرنیوالے کلبوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ
لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) پی سی بی نے آئین کی ہر سطح پر عملداری کو یقینی بنانے اور متفقہ طور پر منظور آئین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے مسلم کلب کے صدر اور آصف میموریل کرکٹ کلب کے سیکرٹری جنرل اجمل صابر کیخلاف بھی ضابطے کی خلاف ورزی پر غور شروع کر دیا ہے اس حوالے سے تفصیلات اور انکے مختلف انٹرویوز کو اکٹھا کیا جا رہا ہے۔ اجمل صابر جو کہ بیک وقت دو کلبوں کا عہدہ بھی رکھتے ہیں، وہ میڈیا میں بات چیت کرتے ہوئے آئین کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور سلیکشن کمیٹی کی پالیسیوں بے بنیاد تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ آئین کلب ڈسٹرکٹ کے عہدیدار کو ایسے بیانات دینے کی اجازت نہیں دیتا۔ مختلف عہدیدار ذاتی مفادات کی خاطر کرکٹ بورڈ پر تنقید کرتے ہیں۔ ملک بھر کی ایسوسی ایشنز میں آئین پر سختی سے عملدرآمد کے لیے بھی حکمت عملی ترتیب دی جا رہی۔ آئین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے گرد گھیرا تنگ کر کے انکی توجہ کھیل کی طرف لگائے جائے گی۔