انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستان آج جنوبی افریقن چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار
لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) انڈر 19 ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں گرین شرٹس جنوبی افریقی چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح اڑھائی بجے شروع ہوگا۔میگا ایونٹ میں پاکستان انڈر19ٹیم بہتر آغاز نہیں کرسکی تھی،پہلے مقابلے میں افغانستان نے گرین شرٹس کو 188تک محدود کیا،روحیل نذیر81اور علی زریاب 30 رنزکے سواکوئی مزاحمت نہ کر پایا،افغان ٹیم نے ہدف 5 وکٹ پر ہی حاصل کرلیا۔ دوسرے میچ میں پاکستانی پیسر شاہین آفریدی نے 6شکار کرتے ہوئے آئرلینڈ کو صرف97 تک محدود رکھا، پھر ٹیم نے ہدف بھی ایک وکٹ پر حاصل کرلیا،گرین شرٹس نے تیسرے مقابلے میں سری لنکا کو3وکٹ سے ہراکر گروپ ڈی میں ٹاپ پر جگہ بنائی، گروپ ون میں نیوزی لینڈ کے بعد دوسرے نمبر پر آنے والے جنوبی افریقہ کی بیٹنگ اور بولنگ دونوں یکساں مضبوط ہیں،دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کیخلاف بھاری مارجن سے فتح میں روفلز کی 4 وکٹوں نے اہم کردار ادا کیا تھا،ابھی تک کارکردگی میں تسلسل کا مظاہرہ نہ کرپانے پاکستانی بیٹنگ لائن کو ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، روحیل نذیر،زید عالم اور علی زریاب سے توقعات وابستہ ہوں گی،سازگار کنڈیشنز میں حریفوں کو پریشان کرنے والے شاہین آفریدی اور ساتھی پیسرز ابتدامیں پروٹیز کی وکٹیں اڑاکر پیش قدمی کیلئے راہ ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں جب کہ درمیانی اوورز میں رنز روکنے کی ذمہ داری کپتان حسان خان اور سلیمان شفقات پر عائد ہوگی۔