نیشنل ویمنزباکسنگ چیمپئن شپ پنجاب نے جیت لی، سندھ کی دوسری پوزیشن
لاہور ( سپورٹس رپورٹر +نمائندہ سپورٹس) پاکستان کی تاریخ کی پہلی نیشنل ویمنز باکسنگ چیمپئن شپ پنجاب نے جیت لی۔ سندھ نے دوسری جبکہ خیبر پی کے نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ بلوچستان کی ٹیم چوتھے نمبر پر رہی۔ آخری روز پہلے مقابلے میں سندھ کی رضیہ بانو نے 51 کلو گرام میں گولڈ میڈل ‘ 60 کے جی میں پنجاب کی رخسانہ پروین نے گولڈ میڈل’ 75 کے جی میں پنجاب کی آرزو اشرف نے گولڈمیڈل جیتا ۔ مہمان خصوصی سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے انعامات تقسیم کئے۔ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر خالد محمود، واپڈا سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنر ل ثقلین ظہور راجہ بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر حاجی خالد محمود نے سیکرٹری سپورٹس پنجاب کی جانب سے چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والوں کے لیے 15 ہزار، سلور میڈلسٹ کیلئے 10 ہزار جبکہ برانز میڈلسٹ کیلیے پانچ ہزار روپے نقد انعام کا اعلان کیا۔ سیکرٹری سپورٹس پنجاب کی جانب سے پاکستان میں باکسنگ کے فروغ کے لیے پنجاب حکومت اور بورڈ کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ نشتر سپورٹس کمپلیکس میں جدید باکسنگ سٹیڈیم بنایا جا رہا ہے۔