سلووینیا فلسطین کو تسلیم کرنے پر تیار،31جنوری کو ووٹنگ ہوگی
برسلز(این این آئی)سلووینیا کے وزیر خارجہ کارل ایریاویک نے کہاہے کہ ان کے ملک کی حکومت امید رکھتی ہے کہ سلووینی پارلیمنٹ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے فیصلے کے حق میں ووٹ دے گی۔ اس طرح سلووینیا یورپی یونین کا دوسرا رکن ملک بن جائے گا جس نے فلسطین کو تسلیم کیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایریاویک نے نجی ٹی وی سے بات چیت میں کہاکہ یورپی یونین کے تمام ممالک سلووینیا کے اس اقدام کی تائید کرتے ہیں جو پارلیمنٹ کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی تجویز پر گرین سگنل دینے پر عمل میں آئے گا۔ایریاویک کے مطابق سلووینیا کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی صورت میں ان کا ملک مشرق وسطی میں امن عمل کے سلسلے میں فلسطینی موقف کو مضبوط بنائے گا۔ انہوں نے باور کرایا کہ ہماری ایک خود مختار خارجہ پالیسی ہے اور ہمیں اس سلسلے میں کسی دوسرے ملک کی معاونت کی ضرورت نہیں۔سلووینیا کے وزیر خارجہ کی یہ گفتگو برسلز سے سامنے آئی ہے جہاں فلسطینی صدر محمود عباس نے یورپی وزرائے خارجہ سے ملاقات میں اْن پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے لیے زور دیا تھا۔