مسلم لیگ کو تقسیم کرنیکی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی‘ چودھری تنویر
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) ممتاز مسلم لیگی رہنما سینیٹر چوھدری تنویر خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نوازشریف کی قیادت میں متحد ہے اسے دھڑوں میں تقسیم کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی کچھ لوگوں کی خواہش تو ہو سکتی ہے کہ مسلم لیگ میں دھڑے بندی ہوجائے لیکن انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا مسلم لیگی کارکن متحد ہو کر مخالفین کے عزائم ناکام بنا دیں گے اس وقت نواز شریف ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں ان کو سیاسی منظر سے ہٹانے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہو سکتی۔ پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ایک جمہوری جماعت ہے جس میں پارٹی کے رہنمائوں اور کارکنوں کو ہر مسئلہ پر کھل کر بات کرنے کی آزادی ہے لیکن تمام رہنما پارٹی لائن پر عمل کرتے ہیں تمام لیڈر میاں نواز شریف کے لئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کے لئے ہر وقت تیار رہتے ہیں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کا میاں محمدنواز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے لاہور اور چکوال کے عوام نے مسلم لیگ کے حق میں فیصلہ دے کریہ ثابت کردیا ہے کہ وہ تعمیری سوچ کوپسند کرتے ہیںجبکہ اپوزیشن کے پاس پاکستان کے ترقی اورخوشحالی کا کوئی پروگرام نہیں ہے۔انہوں نے کہاہے کہ نوازشریف نے اصولوں پر فیصلہ کیاکہ صوبہ خیبرپختون خوا میں جس جماعت کی اکثریت ہے وہ حکومت بنائے اگر آج بھی نواز شریف چاہیں تو صوبہ کے پی کے میں عدم اعتماد کی تحریک لاکر تحریک انصاف کی حکومت ختم کرکے اپنے حکومت قائم کرسکتے ہیںپارلیمنٹ میں باربار کورم ٹوٹنے پر انہوں نے کہاکہ یہ عوامی نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ کورم کوپوراکریں اور عوام کے لیے قانون سازی میں اپنا کرداراداکریں۔