پی ٹی آئی ارکان کے استعفے میرے پاس، مناسب وقت پر دینگے: عمران
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) عمران خان نے کہا ہے کہ قومی اور خیبر پی کے اسمبلی کے پی ٹی آئی ارکان کے استعفیٰ میرے پاس ہیں مناسب وقت پر دے دیں گے۔ سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عمران خان دعویٰ کیا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو اگلے ماہ کے آخر تک سزا ہو جائے گی وہ آج کل جو باتیں کر رہے ہیں کبھی ایسا باتیں کرتے نہیں دیکھا۔ نواز شریف کی پوری کوشش ہے کہ وہ کسی طرح سزا سے بچ جائیں۔ پہلے یہ کسی نہ کسی طرح بچ جاتے تھے اب ایسا نہیں ہو گا۔ جمہوریت بچانے کے نام پر سارا کرپٹ مافیا میرے خلاف اکٹھا ہو جاتا ہے ان کی آپس کی مخالفت ظاہری ہے۔ پارٹی کے تمام ارکان نے استعفیٰ میرے پاس جمع کرا دیئے ہیں شیخ رشید سے بھی مشاورت کروں گا۔ اپوزیشن خیبر پی کے میں عدم اعتماد کی تحریک لائے، ہمارے پاس جوابی منصوبہ موجود ہے۔ ختم نبوت قانون میں ترمیم کا معاملہ ختم نہیں ہوا، حکومت کو بتانا پڑے گا کہ اس حساس قانون کو کیوں چھیڑا؟ فاٹا کو خیبر پی کے میں ضم نہ کرکے خطرناک کھیل کھیلا جا رہا ہے۔ پرانا نظام ختم ہونے سے پیدا خلا پر نہ کیا تو دوبارہ دہشتگردی شروع ہونے کا خدشہ ہے۔ سی ای سی میٹنگ میں کئی فیصلے کر لئے ہیں۔ میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی فائرنگ کی مذمت کرتا ہوں کیا وجہ ہے کہ جب نواز شریف مشکل میں آتے ہیں ایل او سی پر بھارت کی فائرنگ شروع ہو جاتی ہے۔ ختم نبوت کے معاملے پر راجہ ظفر الحق کمیٹی کی رپورٹ سامنے لائی جائے، قوم اس معاملے کو بھولی نہیں ہے۔ پنجاب اور سندھ میں کرپشن کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لئے ماہرین کی اپنی ٹیمیں بنا رہے ہیں، نقیب اللہ محسود اور سانحہ قصور جیسے واقعات اس لئے ہوتے ہیں کہ پولیس کرپٹ ہے۔ خیبر پی کے میں لوگوں کو پولیس پر اعتماد ہے۔ ممبر سازی مہم شروع کی جائے گی۔ فاٹا کے معاملے میں فضل الرحمن خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں۔ مطالبہ کرتے ہیں کہ فاٹا کو خیبر پی کے میں ضم کیا جائے۔ فاٹا کو خیبر پی کے میں ضم نہ کرنا قبائل سے بڑی ناانصافی ہے۔ یہ سمجھتے ہیں کہ فاٹا کو ضم کیا تو وہاں تحریک انصاف آ جائے گی۔ میگا منصوبوں میں میگا کرپشن ہو رہی ہے۔ پنجاب میں اورنج اور میٹرو منصوبوں میں کک بیکس لی گئیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق اعلان واپس لیں۔ عاصمہ کیس میں شہباز نے کہا میں مردان جائوں گا میں نے کہا شہباز شریف وہاں جائیں عوام انہیں انڈے ماریں گے۔ پہلی دفعہ پاکستان کی عدالت نے شریک فیملی کو تنگ کیا ہے۔ قبل ازیں ترجمان کے مطابق سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے پارٹی کی رکنیت سازی مکمل کرنے کی منظوری دیدی۔ اجلاس میں امریکی صدر ٹرمپ کی ٹویٹ کیخلاف فلسطین و کشمیر سے اظہار یکجہتی کی قرارداد بھی منظور کی گئیں۔ سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے بچوں پر ہونے والے مظالم پر سخت غم و غصہ کا اظہار کیا ہے۔ ایک ٹویٹ میں عمران خان نے کہا ہے کہ شہبازشریف کی آشیانہ ہائوسنگ سکیم بڑے کرپشن کیسز کا محض ایک نمونہ ہے اور اگر وہ بے گناہ ہیں تو تمام الزامات کا بہادری سے سامنا کریں۔ سستی روٹی سکیم اورنج ٹرین کی تحقیقات ہوگی۔ بڑے سکینڈل بے نقاب ہوں گے۔ شہبازشریف نے ابھی سے رونا شروع کردیا ہے۔ میں سپریم کورٹ کے سامنے ایک سال تک پیش ہوتا رہا۔ اگر وہ بے گناہ ہیں تو تمام الزامات کا بہادری کے ساتھ سامنا کریں جس طرح میں نے کیا اور خود کو بے گناہ ثابت کریں۔
عمران