چیف جسٹس سے ملاقات آج‘ رضا ربانی نے ایوان کو اعتماد میں لے لیا
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی آج بدھ کو چیف جسٹس ثاقب نثار سے ملاقات کریں گے جس میں وہ چیف جسٹس کو فوری انصاف کے ضمن میں سینیٹ کی کمیٹی آف دی ہول کی پیشرفت اور سفارشات کے حوالے سے بریف کریں گے۔ منگل کو سینیٹ کے اجلاس کے دوران نمازمغرب کے وقفے سے قبل چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے ایوان کو چیف جسٹس سے بدھ کو ہونے والی میٹنگ کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔ انہوں نے ایوان کو بتایا کہ یہ تاثر پیدا ہو رہا تھا کہ ملک میں فوری انصاف کی فراہمی کیلئے پارلیمنٹ نے کوئی کام نہیں کیا۔ حالانکہ سینیٹ کی کمیٹی آف دی ہول نے فوری انصاف فراہم کئے جانے سے اپنے اجلاس میں تفصیلاً غورو خوض کے بعد م تعدد سفارشات مرتب کی تھیں۔ ہم نے اس حوالے سے چیف جسٹس کو بھی ایک خط لکھ کر آگاہ کر دیا تھا کہ پارلیمنٹ نے اس حوالے سے بہت کام کر رکھا ہے جس پر مزید بات چیت کرنے کے لئے چیف جسٹس ثاقب نثار نے انہیں ملاقات کی دعوت دی ہے۔ سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے انہیں آگاہ کیا ہے کہ بدھ کو دو بجے سپریم کورٹ میں ملاقات ہو گی۔