ایفی ڈرین کیس، حتمی دلائل جاری، ملزمان کے وکیل کی مہلت کی استدعا منظور
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) انسداد منشیات راولپنڈی کی خصوصی عدالت کے جج راجہ پرویز اختر نے سابق رکن قومی اسمبلی و چیئر مین میٹرو بس سروس حنیف عباسی سمیت8ملزمان کے خلاف ایفی ڈرین کوٹہ کیس میںفریقین کے وکلا کے حتمی دلائل کے دوران ملزمان کے وکیل کی جانب سے مہلت کی استدعا پر سماعت30جنوری تک ملتوی کر دی منگل کوسماعت کے موقع پر ایفی ڈرین کیس میں نامزدگریس فارما کے مالک حنیف عباسی ،ان کے بھائی وحماس فارما کے مالک باسط عباسی ،چچا زاد بھائی وفیکٹری منیجر سراج احمد عباسی،برادر نسبتی ومارکیٹنگ منیجررانا محسن خورشید،پروڈکشن منیجرغضنفر علی، کوالٹی کنٹرول منیجر ناصر خان ،اے بی فارماسیوٹیکل کے مالک احمد بلال اور نزاکت خان پر مشتمل آٹھوں ملزمان کے علاوہ اے این ایف کے وکیل چوہدری زاہد محمود ، اے این ایف کے لیگل انسپکٹر مرزا عبدالرحمان اور کیس کے تفتیشی انسپکٹر امتیاز حسین شاہ عدالت میں موجود تھے۔ ملزمان کے وکیل تنویر اقبال خان نے حتمی دلائل کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رکھا۔