پاکستان کو بدلنے کیلئے عملی کام کرنا ضروری ہے‘ چوہدری امجد وڑائچ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان نیشنل مسلم لیگ کے سربراہ چوہدری امجد وڑائچ نے کہا ہے کہ پاکستان کو بدلنے کیلئے عملی کام کرنا ضروری ہے۔ آج کل کے سیاستدان اپنے مفادات کے علاوہ عملی کام کرنے کیلئے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم دوسرے ممالک سے بھیک مانگیں گے تو ہماری عزت نہیں ہوگی۔ تبدیلی لانا کوئی مشکل کام نہیں ہے، میں نے منتخب ہو کر گوجرہ کی تقدیر بدل دی ہے۔ اس وقت گوجرہ کے عوام کو بنیادی سہولتیں ایک گھنٹہ میں مل جاتی ہیں۔ اس طرح کا نظام پورے ملک میں رائج کردیا جائے تو لوگوں کو ٹھوکریں نہ کھانا پڑیں۔ عوام ہمیں ووٹ کے ساتھ اختیار دے گی تو پھر کوئی بڑی بات نہیں ان کو سہولتیں نہ مل سکیں۔ امجد وڑائچ نے یہ باتیں ورکرز کنونشن کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں گندگی کی صورتحال دیکھ کر بہت بہت افسوس ہوا ہے، نیشنل مسلم لیگ کراچی میں منتخب ہو کر آتی ہے تو پھر یہ کام ہمیں اتنی خوش اسلوبی سے کریں گے کہ دنیا بھر کی صورتحال دیکھ کر دنگ رہ جائے گی۔ نیشنل مسلم لیگ کے مرکزی کوآرڈینیٹر محمد اشرف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور چمک کا دور ہے۔ چمک کے دور میں ہاں میں ہاں نہ ملائی جائے۔ لوگ پوچھتے ہیں تم لوگوں نے ہاں کیوں نہیں ملائی۔ دوسری پارٹیوں میں کارکنوں کو نوکروں کی طرح تصور کیا جاتا ہے۔ نیشنل مسلم لیگ کارکنوں کو ذہنی ٹارچر نہیں کرنے دے گی۔ ایک عالمی سازش کے تحت مالی مدد دے کر لوگوں کی نظریاتی اساس کو کچلا جارہا ہے اور ملک میں قومی قیادت کا فقدان ہے۔ قومی مفاد کے لئے کام کرنے والوں کو اپنے قد کو بڑھانے کے علاوہ ملک اور قوم کی فکر نہیں۔ آج سیاسی کارکنوں کو تقسیم کیاجارہا ہے۔ فوج اور معیشت کو موجودہ حکمران عالمی سازش کے تحت نشانہ بنا رہے ہیں تاکہ عوام کو بدظن اور پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کیا جاسکے۔ نیشنل مسلم لیگ ایسے سیاسی کارکنوں کو خوش آمدید کہے گی جن کی عزت نفس مجروح کی گئی۔ ہم ملک اور دین کی نظریاتی اساس کی حفاظت کریں گے اور ملک میں سب کے احتساب کو یقینی بنائیں گے کیونکہ جب احتساب نہیں ہوگا تو ملک ترقی نہیں کرسکے گا۔ مسلم لیگ (ق) کے رہنما نفیس حیدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان میں پارٹیوں بنانے میںسب سے آگے اور لوگوں کے مسائل حل کرنے میں سب سے پیچھے ہے۔ اس ملک میں سچ کو آگے لانا ہوگا۔