بلدیہ عظمیٰ کے تمام محکموں میں آئی ٹی سیل قائم کئے جائیں‘ وسیم اختر
کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کے ایم سی میں کمپیوٹرائزیشن اور آئی ٹی انفراسٹرکچر بنانے کے کام کو تیز کیا جائے اور لینڈ ریکارڈ کی مکمل کمپیوٹرائزیشن سمیت مختلف محکموں میں آئی ٹی سیل بنانے اور مستقل باہمی رابطے کو یقینی بنایا جائے تاکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے امور میں شفافیت اور بہتری لائی جا سکے یہ بات انہوں نے محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے متعلق منعقدہ بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر سینئرڈائریکٹر آئی ٹی ایس ایم طحہٰ‘ کنسلٹنٹ آئی ٹی دانیال احمد‘ سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم‘ ڈائریکٹر ٹیکنیکل ٹو میئر کراچی ایس ایم شکیب‘ ڈائریکٹر فنانس محمد اشرف اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ میئر کراچی وسیم اختر نے ہدایت کی کہ کے ایم سی کے تمام محکموں میں آئی ٹی سیل قائم کیا جائے جس کا رابطہ براہ راست آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کے ساتھ رہنا چاہئے تاکہ تمام محکموں سے متعلق ڈیٹا بیس اور دیگر تفصیلات ایک ہی جگہ پر دستیاب ہو سکیں انہوں نے ہدایت کی کہ ڈیجیٹل آرکائیوز لینڈ ریکارڈ کے کام کو جلداز جلد مکمل کیا جائے اور پائلٹ پروجیکٹ کی تکمیل کے ساتھ ہی ایسے اقدامات کئے جائیں کہ کے ایم سی میں اراضیات سے کہ فنانس‘ آئی ٹی‘ پے رول‘ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ باہمی رابطے کے ذریعے تمام امور جلد از جلد نمٹائیںاور اگر اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوئی رکاوٹیں آئیں تو ان سے فی الفور آگاہ کیا جائے تاکہ انہیں دور کر کے کمپیوٹرائزیشن کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیٹا بیس کی تیاری میں چیک اینڈ بیلنس کا نظام یقینی بنایا جائے جس سے مستقبل میں کے ایم سی کے ڈیٹا بیس کو درست اور اَپ ڈیٹ حالت میں رکھنے میں مدد ملے گی۔