پیپلز پارٹی کراچی کے عوام کو ٹھپہ مافیاسے نجات دلائے گی‘ سعیدغنی
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کراچی میں تبدیلی اور امن کی بنیاد ڈالی ہے جسے مل کر کامیاب بنائیں گے، قوم پرستی، فرقہ واریت اور ٹھپہ مافیا سے جان چھوڑائینگے ان خیالات کااظہار پی پی پی کراچی ڈویڑن کے صدر ایم پی اے سعید غنی نے اپنے حلقہ ٹی پی ٹو یوسی4 محمود آباد پی ایس 114 میں منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امان اللہ محسود، ذوالفقار قائم خانی، اقبال ساند، جاوید نایاب لغاری، اکبر شیخ، پرویز اور لطیف ٹھاکر نے بھی خطاب جبکہ ان کے ہمراہ شکیل چوہدری، نوید بھٹی،فیصل میندرو، فرحان غنی ، پارٹی عہدیداران وہ کارکنان سمیت علاقہ مکینوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے سعید غنی کا کہنا تھا کہ لائنز ایریا کے متاثرین کو جب یہاں سرکاری اراضی پر منتقل کیا جارہا ہے تو میں نے بطور قائد حزب اختلاف بلدیہ کراچی اس کی سخت مخالفت کی کہ یہ لوگ اپنی سیٹوں اور ووٹوں کی خاطر لوگوں کے گھر اور جمع پونجی سے کھیل رہے ہیں اور آج بھی اس اراضی کا معاملہ زیر بحث ہے۔ حلقہ میں بہت سارے مسائل ہیں جس میں سب سے بڑا مسئلہ پانی کا ہے مجھ سے پہلے منتخب ہونے والے عوامی نمائندے وزیر بھی بنے مگر حلقے کے مسائل پر کبھی نظر ثانی نہیں کی گئی مگر پاکستان پیپلز پارٹی تمام مسائل سے باخوبی واقف ہے اور انشاء اللہ عوام کے اعتماد پر پورا اترے گی اور حلقہ میں پانی، سڑکیں، گلیاں، سیوریج ، صاف صفائی سمیت دیگر تمام معاملات کو بہتر سے بہتر کرے گی۔