قوم دہشت گردوں نہیں فوج کے ساتھ ہے: سنی اتحاد کونسل
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ قوم دہشت گردوں کے ساتھ نہیں پاک فوج کے ساتھ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل پنجاب کی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستونگ میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے مطالبات پورے کئے جائیں۔ دہشت گردی کی تازہ لہر سے ہر پاکستانی ملک کی سلامتی کے لئے پریشان ہے۔ سکیورٹی فورسز پر حملے پاکستان کی سلامتی پر حملے ہیں۔ ظالموں کو سزا نہ دینا مظلوموں پر ظلم کے مترادف ہے۔ دہشت گردی نے ملک کو جڑوں سے ہلا دیا ہے۔ ریاست مخالف دہشت گردوں کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو وہ اپنی خونی کارروائیوں سے وسیع تر عدم استحکام پیدا کر سکتے ہیں۔ دریں اثنا سنی اتحاد کونسل نے سکیورٹی فورسز پر حملوں، پولیو ورکرز کی شہادتوں اور سانحہ مستونگ کے خلاف آج جمعہ 24جنوری کو ملک گیر یوم احتجاج منانے کا اعلان کیا۔