سنندا پشکر کی موت، تحقیقات دہلی کرائم برانچ کے سپرد، ششی تھرور اخلاقاً عہدے سے مستعفی ہو جائیں: رہنما بی جے پی
نئی دلی (آئی این پی+ آن لائن) بھارتی وزیر ششی تھرور کی اہلیہ سنندا پشکر کی موت کی تحقیقات دلی کی کرائم برانچ کو سونپ دی گئیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی وزیر ششی تھرور کی اہلیہ سنندا پشکر کی پرسرار موت کی تحقیقات اب دلی کرائم برانچ کرے گی۔ بی جے پی کے رہنما کرتی آزاد نے ششی تھرور سے استعفیٰ کا مطالبہ کر دیا۔ کرتی آزاد نے کہا کہ ششی اپنی بیوی کی موت کی تحقیقات تک اخلاقاً مستعفی ہو جائیں۔ اس سے پہلے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ترجمان ڈی پی تریپانی نے بھی کہا تھا کہ تھرور اپنی وزارت کی ذمہ داریوں سے خود ہی الگ ہو جائیں تاہم کانگریس پارٹی نے کہا ہے کہ استعفیٰ کا کوئی جواز نہیں ہے کیونکہ اب ششی تھرور پر کسی فرد، تنظیم یا سیاسی پارٹی نے کوئی الزامات نہیں لگائے۔