عارف گل ایم پی اے کی جعلی ڈگری کا کیس، ایچ ای سی کو رپورٹ جمع کرانے کا حکم
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے عارف گل کی جعلی ڈگری کیس میں ایچ ای سی کو ایف اے اور بی اے کی ڈگری سے متعلق رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا ہے جبکہ عدالت نے فیصل آباد بورڈ اور رجسٹرار بہاء الدین زکریا یونیورسٹی سے بھی تفصیلات طلب کی ہیں۔ چیف جسٹس تصدق حسین گیلانی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے پی پی 59 سمندری فیصل آباد سے منتخب رکن صوبائی عارف گل کی جعلی ڈگری سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل ایڈووکیٹ راجہ عامر عباس نے موقف اختیار کیا کہ عارف گل کے پاس انٹرمیڈیٹ کی ڈگری جعلی ہے، عارف گل نے ایک ہی سال میں انٹرمیڈیٹ کے 2 امتحانات دیئے ہیں۔ ایک امتحان ریگولر دیا جبکہ دوسرا پرائیویٹ حیثیت میں دیا۔ عارف گل نے جو امتحان خود دیا وہ اس میں فیل ہو گئے، متعلقہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے ڈگری کو جعلی قرار دیا۔ عامر عباس کا کہنا تھا کہ الیکشن کمشن نے گل کے خلاف کارروائی کا حکم دیا لیکن کارروائی نہیں کی گئی۔ عارف گل نے الیکشن کمشن کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے حکم امتناعی حاصل کیا۔ عارف گل کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ 2003ء میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ فیصل آباد نے عارف گل کی ڈگری کو درست قرار دیا تھا۔ عدالت نے چیئرمین فیصل آباد تعلیمی بورڈ اور رجسٹرار بہاء الدین زکریا یونیورسٹی کو معاونت کرنے کی ہدایت اور واضح کیا کہ اگر تعاون کرنے میں ناکام رہے تو دونوں افسران آئندہ سماعت پر خود پیش ہوں۔ کیس کی سماعت 17 فروری کو دوبارہ ہو گی۔