تحفظ پاکستان آرڈیننس لاپتہ افراد کامعاملہ لٹکانے کی کوشش ہے:آمنہ مسعود
ْْاسلام آباد ( آئی این پی ) لاپتہ افراد کی تنظیم ڈیفنس آف ہیومن رائٹس کی چیر پرسن آمنہ مسعود جنجوعہ نے تحفظ پاکستان ترمیمی آرڈیننس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اخباری خبروں سے حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق تحفظ پاکستان ترمیمی آرڈیننس صرف اور صرف وقت حاصل کرنے اور لاپتہ افراد کے معاملہ کو لٹکانے کی ایک بھونڈی کوشش نظر آتی ہے۔ یہ آرڈینیس نہ صرف یہ ثابت کرتا ہے کہ حکومت کی لیگل ٹیم کتنی نااہل ہے بلکہ یہ بھی کہ موجودہ حکومت بھی امریکی غلامی اور ظلم میں کسی سے پیچھے نہیں ہے۔ پاکستان کے تمام سکیورٹی اور انٹیلی جنس ادارے جبری گمشدگی سمیت ہر طرح کے ظلم و ستم میں ملوث ہیں۔ ان کے اہلکار اختیارات کے ناجائز استعمال میں دینا بھر میں سب سے آگے ہیں۔ جمعرات کو جاری اپنے بیان میں تحفظ پاکستان ترمیمی آرڈیننس پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے آمنہ مسعود جنجوعہ نے کہا کہ جھوٹے مقدمات میں پھنسانے سے لیکر پولس مقابلوں میں شہریوں کو قتل کرنے تک کونسا ظلم ہے جو اس ملک میں نہیں ہوتا۔ اگر حکومت ذرا بھی نیک نیت ہوتی تو اس ترمیمی آرڈینیس کے ساتھ ہی تمام لاپتہ افراد کو منظرعام پر لے کر آتی مگر ایسا نہیں ہوا۔ یہ آرڈینیس ایک اور صورت میں بھی عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش ہے ۔