الطاف حسین پر بیرون ملک بیٹھ کر تشدد پر اکسانے کے الزامات کی تحقیقات جاری ہے: لندن پولیس
لندن (نوائے وقت رپورٹ) لندن میٹروپولیٹن پولیس نے کہا ہے کہ عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات مکمل کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔ آپریشن ہیڈ کے تحت عمران فاروق قتل کیس کی ہر زاویئے سے تحقیقات کر رہے ہیں۔ مجرمان کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے2 ہزار 144 پہلوئوں سے تفتیش جاری ہے۔ گزشتہ روز لندن میں میٹروپولیٹن کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے عمران فاروق قتل کیس میں 4 ہزار 173 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی جبکہ 6 ہزار 550 کاغذات کی جانچ پڑتال کی گئی۔ قتل کیس میں محتاط منصوبہ بندی اور دیگر لوگوں سے مدد لی گئی۔ الطاف حسین پر بیرون ملک بیٹھ کر تشدد پر اکسانے کے الزامات کی تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کے مطابق عمران فاروق قتل کیس کے ملزموں کی نشاندہی میں مدد دینے والوں کیلئے 20 ہزار پائونڈ انعام کا اعلان کیا گیا۔ 29 جون 2013ء کو 52 سال کے شخص کو قتل میں معاونت کے شبہ میں حراست میں لیا گیا۔ زیرحراست شخص کو ضمانت پر رہا کیا گیا‘ تاہم ان سے تحقیقات جاری ہے۔ اس کے علاوہ 5 دسمبر 2013ء کو مغربی لندن سے منی لانڈرنگ کیس میں دو افراد کو حراست میں لیا گیا۔ منی لانڈرنگ کیس میں مغربی لندن میں دو گھروں کی تلاشی بھی لی گئی۔ دونوں گرفتار افراد جنوری 2014ء کے آخر تک ضمانت پر ہیں۔ دریں اثناء کمانڈر برٹش کائونٹر ٹیررزم کمانڈ رچرڈ واٹسن نے کہا ہے کہ عمران فاروق کے قاتلوں کو ضرور گرفتار کریں گے۔ عمران فاروق کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے آپریشن جاری ہے۔ لارڈ نذیر کو خط میں رچرڈ واٹسن نے کہا ہے کہ ملزموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے پُرعزم ہیں۔ عمران فاروق اور منی لانڈرنگ کیس میں 3 افراد کو گرفتار کیا ہے۔