دہشت گردوں نے پاکستان کیخلاف جنگ چھیڑ دی، ریاست کا آہنی ہاتھ کب حرکت میں آئیگا: الطاف
لندن (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے پاکستان کے خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے، حکمران ان کی سرکوبی کی بجائے محض زبانی جمع خرچ کر رہے ہیں آخر ریاست کا آہنی ہاتھ کب حرکت میں آئے گا۔ لندن میں ایم کیو ایم انٹرنیشنل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں الطاف حسین نے کہا ہے کہ طالبان بندوق کے زور پر اپنی خود ساختہ شریعت نافذ کرنا چاہتے ہیں۔ طالبان کے نظریات قرآن مجید، دین اسلام کی تعلیمات کی نفی ہیں۔ بیان کے مطابق رابطہ کمیٹی کے ارکان، منتخب نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے الطاف نے کہا کہ دہشت گردی اور قتل و غارت گری کے ماحول میں کلمہ حق بلند کرنا سب سے بڑا جہاد ہے۔ طالبانائزیشن سے متعلق میرے خدشات کا مذاق اڑایا گیا آج سب میری باتوں کو تسلیم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خوشی ہے کہ علماء کرام اور بعض سیاسی رہنما میری آواز میں آواز ملا رہے ہیں۔ اب بھی وقت ہے ہم ملکی سا لمیت کے لئے ایک پلیٹ فارم پر آئیں اور ملک دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بنائیں۔