بیروت (نوائے وقت رپورٹ) لبنان کے دارالحکومت بیروت کے ایک سٹیڈیم میں لبنانی تنظیم حزب اللہ کے شہید سربراہ حسن نصراللہ اور سیکرٹری جنرل ہاشم صفی الدین کے نماز جنازہ میں لاکھوں افراد نے شرکت کی ہے۔ قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق رہنماؤں کے جنازے میں شرکت کے لئے ہزاروں افراد بیروت کے ایک سٹیڈیم میں جمع ہوئے۔ لبنان اور اس سے باہر کے بہت سے مرد، خواتین اور بچے پیدل چل کر جنازے میں شرکت کے لئے پہنچے۔ ایرانی وزیر خارجہ اور سپیکر بھی آئے۔ حسن نصراللہ اور ہاشم صفی الدین کے جنازے پر اسرائیلی جنگی طیاروں اور ڈرونز نے نچلی پرواز کی۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق جنارے کے اجتماع کے اوپر اسرائیلی طیاروں کی پرواز پر عوام نے اسرائیل اور امریکہ مخالف نعرے لگائے۔ اسرائیلی طیاروں کی پرواز کے بعد اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیلی کاٹز نے اپنے دھمکی آمیز بیان میں کہا کہ حسن نصراللہ کے جنازے کے اوپر پرواز کرنے والے اسرائیلی طیارے واضح پیغام دے رہے ہیں کہ جو کوئی بھی اسرائیل پر حملہ کرے گا وہ زندہ نہیں رہے گا۔ ادھر حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے حسن نصراللہ کی نماز جنازہ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزاحمت ختم نہیں ہوئی۔ حزب اللہ اب بھی مضبوط ہے۔ مزاحمت اب بھی اسرائیل کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہے۔ ظالم امریکہ کا اپنے ملک پر قبضہ منظور نہیں۔ امریکہ جو مقاصد جنگ سے حاصل نہیں کر سکا وہ سیاست سے بھی نہیں کر سکتا۔ حسن نصراللہ کی جد وجہد جاری رہے گی۔ حسن نصراللہ کی بیروت میں تدفین کر دی گئی۔ ہاشم صفی الدین کی آج جنوبی لبنان میں ہوگی۔ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے بھی غاصبانہ قبضے اور جبر کیخلاف مزاحمت جاری رکھنے کا پیغام دیا۔ حسن نصراللہ ستمبر 2024ء میں اسرائیلی حملے میں شہید ہو گئے اور ان کی تدفین امانتاً کی گئی تھی۔
حسن نصراللہ، ہاشم صفی کی نماز جنازہ، لاکھوں افراد شریک: امریکہ مخالف نعرے
Feb 24, 2025