محکمہ سوشل ویلفیئر اور الخدمت فاؤنڈیشن میں مفاہمتی یاد داشت پر دستخط
محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال اور الخدمت فاؤنڈیشن نے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت فریقین فلاحی کاموں میں تعاون کریں گے۔ صوبائی وزیر سماجی بہبود سید یاور عباس بخاری اور امین بیت المال پنجاب ملک محمد اعظم ایم او یو پر دستخط کی تقریب میں مہمانان خصوصی تھے۔
تقریب سے خطاب میں وزیر سوشل ویلفیئر نے کہا کہ معاشرے کی اصلاح سے قبل ہمیں پہلے اپنے آپ کو درست کرنا ہے۔ ہمارا مذہب ہمیں کہتا ہے ہم کسی بھی مظلوم کی مدد کے لئے کھڑے ہو جائیں۔ سید یاور عباس بخاری نے کہا کہ ریاست مدینہ صرف خوشحالی نہیں بلکہ قربانی اور احساس کا نام ہے۔ وزیر سماجی بہبود نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنا کسی عبادت سے کم نہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ این جی اوز کی رجسٹریشن کے قوانین میں تبدیلی کی جارہی ہے اور جون تک ممکنہ امور کوڈیجیٹائز کر دیا جائے گا۔
امین بیت المال ملک محمد اعظم نے کہا کہ دین اسلام ہمیں انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے۔ مفاہمتی یادداشت کے ذریعے ایک نئے پروگرام کی ابتدا کی گئی ہے جس کا فائدہ عام آدمی کو ہوگا۔