اسلام آباد: پاک بحریہ اور اے این ایف نے مشترکہ آپریشن کر کے دو ارب سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کر لی۔
تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ اور اینٹی نارکوٹکس فورس نے مشترکہ انسداد منشیات آپریشن کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق آپریشن انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر بلوچستان کے علاقے پشوکان کے ساحلی علاقے میں کیا گیا۔ آپریشن میں 700 کلو گرام منشیات برآمد کی گئیں۔ ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ منشیات کی مالیت 2 ارب روپے سے زائد ہے جسے مزید قانونی کارروائی کے لئے اینٹی نارکوٹکس فورس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق پاک بحریہ ملکی سمندری حدود میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لئے پر عزم ہے۔