تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے تبدیلی کو مذاق بنا دیا: خرم نواز
ملتان (سپیشل رپورٹر)تحریک منہاج القرآن کے رہنما اور پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں انسانوں کی بولیاں لگنا پوری قوم کیلئے شرمناک ہے منہاج القرآن نظام المدارس کے ذریعے جدید اور قدیم علوم کو یکجا کرے گی. سزا یافتہ مجرم کو بیرون ملک بھیجنے والے بھی قوم کے سامنے جوابدہ ہیں. قاتلوں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث پولیس افسران کو ترقی دے کر دوسرے صوبوں میں بھیج دیا.جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام میں تاخیر کے ذمہ دار اس خطے کے پارلیمنٹیرین ہیں.ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں صوبائی صدر میاں نور احمد سہو،سردار شاکر مزاری،سید الطاف شاہ گیلانی،ملک شوکت ڈوگر، راؤ محمد عارف رضوی اور مخدوم شہباز ہاشمی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ پوری دنیا میں یا تو جانوروں کی بولیاں لگتی ہیں یا پھر غلاموں کی مگر پاکستان واحد ملک ہے جہاں ممبران پارلیمنٹ کی بولیاں لگتی ہیں جو پوری قوم کیلئے شرمناک ہے. یہ سب موجودہ کرپٹ اور فرسودہ نظام کا شاخسانہ ہے. جسے تبدیل کئے بغیر ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا.منہاج القرآن نظام المدارس کے زریعے دینی مدارس کے طلبائ کو جدید اور قدیم علوم سے آراستہ کرنا چاہتی ہے. نظام المدارس کے قیام سے مذہبی تعلیم کے میدان میں انقلاب برپا ہو گا. 13 مارچ کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری عظیم الشان علمائ و مشائخ کانفرنس میں نظام المدارس کا افتتاح کریں گے. تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے تبدیلی کو مذاق بنا دیا. سزا یافتہ مجرم اور کرپشن کے بادشاہ کو پروٹوکول کے ساتھ بیرون ملک بھیجنے والے بھی قوم کو جوابدہ ہیں. قوم انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی. عوامی تحریک بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور بڑی سیاسی قوت بن کر سامنے آئے گی. اس موقع پر افتخار قریشی ایڈووکیٹ، پروفیسر جاوید اختر زواری، احسان سعیدی،شہزاد الحسن ہمڑ، میجر اقبال چغتائی،علامہ امیر اظہر سعیدی،رفیق نورانی اور دیگر موجود تھے.