کرونا ویکسن: نیشنل پارٹی نے جامع پالیسی جاری کر دی
کوئٹہ(بیورو رپورٹ) نیشنل پارٹی نے کورونا وائرس ویکسن کی دستیابی اور اس وباء کے تعلیم اور معیشت پر اثرات سے نمٹنے کے لیے اپنی جامع پالیسیاں جاری کر دی ہیں۔کوئٹہ میں پلڈاٹ کے زیر اہتمام نیشنل پارٹی کے پالیسی ونگ کے ایک اجلاس میں پارٹی کے ارکان نے پارٹی کی پالیسیوں پر گفتگو کے بعد ان کو حتمی شکل دی۔ نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل جان محمد بلیدی نے ایک پریس ٹاک میں پارٹی کی ویکسی نیشن، تعلیم اور معیشت پرحتمی پالیسیوں کا اعلان کیا۔ کورونا وائرس ویکسی نیشن کے متعلق پارٹی کی پالیسی میں کہا گیا ہے کہ ہے کہ حکومت کو ہر شہری خصوصاً ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل کے عملہ کی جانوں کے تحفظ کے لئے خصوصی اقدامات کرنے چاہیے۔ مزید یہ کہ یہ ویکسین ہر شہری کو بلا معاوضہ فراہم کی جانی چاہئے۔ نجی شعبے کو بھی ویکسین کی درآمد کی اجازت ہونی چاہئے۔ پالیسی میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ وائرس کے خاتمے تک ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کی جانی چاہئے۔ سرکاری اور نجی اسپتالوں کو کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لئے کورونا وارڈز نامزد کرنے کا پابند کرنا چاہئے۔ پارٹی پالیسی کے مطابق کورونا وائرس کے مریضوں کی سہولت کے لئے سوشل سیکورٹی ہسپتالوں اور بنیادی صحت یوکے یونٹوں کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے۔