وفاق المدارس کیخلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہو نے دینگے: عبد الرشید حجازی
گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)مرکزی جمعیت اہلحدیث پنجاب کے امیر علامہ عبد الرشید حجازی اور ناظم اعلیٰ مولانا حافظ محمد یونس آزاد نے کہا ہے کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث وطن عزیزکی ایک موقر سیاسی ودینی جماعت ہے، دنیا بھر میں ایک معروف علمی حیثیت کی حامل شخصیت قائد اہلحدیث علامہ ساجد میرکی قیادت میں مرکزی جمعیت اہلحدیث کا ہر کارکن ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کی تحریک کا ہراول سپاہی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی جمعیت اہلحدیث سٹی کی مجلس شوریٰ، کابینہ اور ذیلی تنظیمات کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر امیر شہر علامہ سعید کلیروی، ناظم اعلیٰ مولانا محمد ابرار ظہیر، سٹی سرپرست مولانامحمد صادق عتیق، صاحبزادہ حافظ محمد عمران عریف اور دیگر علماء و قائدین نے بھی خطاب کیا امیر پنجاب علامہ عبد الرشید حجازی نے کہا کہ ہر کارکن خود کو نفاذ اسلام کی تحریک کا ہراول سپاہی سمجھے،حکمرانوں کی لڑائو اور حکومت کرو کی پالیسی قوم رد کر چکی ہے، وفاق المدارس کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہو نے دینگے۔