ضلع وہاڑی کو ساڑھے چار ارب کا ترقیاتی پیکج دیا جا رہا ہے : جہانزیب کھچی

میلسی (نمائندہ نوائے وقت) صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب محمد جہانزیب خان کھچی نے کہا ہے کہ حکومت کی پالیسی کے مطابق آئندہ اڑھائی سال کے دوران ہر ضلع کو آبادی کی بنیاد پر ترقیاتی گرانٹس مہیا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ضلع وہاڑی کو ساڑھے 4 ارب روپے کا ترقیاتی پیکج دیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں خود وزیراعظم عمران خان جلد ہی ضلع وہاڑی کا دورہ کریں گے اور ترقیاتی پیکج کا اعلان ہو گا انہوں نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں کہروڑ پکا سے براستہ میلسی وہاڑی تک ون وے روڈ کے منصوبے کو شامل کر لیا گیا ہے اور 7 ارب روپے کی خطیر گرانٹ سے یہ بین الاضلاعی شاہراہ بنائی جائیگی اور اس منصوبے پر رواں سال ماہ جون کے بعد میلسی سے کہروڑ پکا تک تعمیر کا آغاز ہو گا انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے میلسی شہر کی خستہ حال سڑکوں کی تعمیر اور مرمت کیلئے 50کروڑ روپے کی گرانٹ کی منظوری دیدی ہے اور شہر کی تمام سڑکوں پر جلد کام شروع ہو گا اور جون سے قبل سڑکوں کی تعمیر اور مرمت کے منصوبے مکمل ہو جائیں گے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے میلسی کے سیوریج منصوبے کیلئے مزید 10کروڑ روپے کی گرانٹ جاری کر دی گئی ہے اور یہ منصوبہ بھی جون سے قبل مکمل ہو گا اور اس منصوبے میں شہر کی قریبی اضافی آبادیوں کو بھی شامل کیا جا رہا ہے۔