بحری مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ کرینگے:امیر البحر ا ایڈمرل امجد نیازی کا عزم
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) امیر البحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے بحری دفاع کو یقینی بنانے اور مادر وطن کے بحری مفادات کو ہر قیمت پر تحفظ دینے کے پاک بحریہ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے پاکستان بحریہ کے آپریشنل کمانڈز سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ بحریہ آڈیٹوریم کراچی میں سیمینار سے سے خطاب کے دوران انہوں نے اعلیٰ سطح کی جنگی تیاریوں کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔ چیف آف دی نیول سٹاف نے بھرتیوں اور ترقی کی حکمت عملی کو مستقل طور پر ابھرتے ہوئے خطرات سے ہم آہنگ رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ تاکہ دشمن کی طرف سے کسی بھی قسم کی غلط کارروائی کا بھرپور جواب دیا جا سکے۔ انہوں نے سمندری خطرات اور چیلنجز کے خلاف ملکی دفاع کے لیے ایک متوازن اور مضبوط فوج کو برقرار رکھنے کے لیے پاک بحریہ کی جانب سے کیے جانے والے مختلف ترقیاتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔ مہمان خصوصی نے ریسرچ پیپرز کے معیار اور بہترین تحقیق پر مبنی مقالے پیش کرنے پر پینل ارکان کی تعریف کی اور پیشہ ورانہ انداز میں سیمینار کا انعقاد کرنے پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔