مدارس بچوں پر عدم تشدد بل کا خیرمقدم کرتے ہیں: طاہر اشرفی

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطی اور چیئرمین پاکستان علماکونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے بچوں پر عدم تشدد کا بل پاس ہونے پر خیرمقدم کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ اس بل کے پاس ہونے کے بعد بچوں پر ہونے والے تشدد کے واقعات میں کمی واقع ہوگی۔ منگل کو اپنے ایک بیان میں حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ پاکستان علماکونسل اور وفاق المساجد و مدارس بچوں پر عدم تشدد کے بل کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ہمارا مذہب اسلام بھی بڑوں کا احترام اور چھوٹوں پر شفقت کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے بل پاس ہونے پر تمام ملکی سیاسی جماعتوں کے کردار کو سراہا۔