گھریلو مرغبانی منصوبے کے پہلے سال 93 فیصد ٹارگٹ حاصل کیا :سردار حسنین بہادر
لاہور(نیوزرپورٹر)صوبائی حکومت نے گھریلو مرغبانی کے فروغ کے منصوبہ کے پہلے سال کے دوران 48 ہزار 753مستحق افراد میں 4 لاکھ 65 ہزار پرندے تقسیم کیے ہیں تاکہ بے وسیلہ افراد کی معاشی دستگیری کی جاسکے۔ یہ بات صوبائی وزیر لائیو سٹاک سردار حسنین بہادردریشک نے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ گھریلو مرغبانی منصوبے کے پہلے سال 2019-20 میں 5 لاکھ پرندے تقسیم کرنے کے ہدف کا93 فیصد ٹارگٹ حاصل کیا۔ اسی طرح مالی سال 2020-21 میں ایک لاکھ 32 ہزار 66 پرندے تقسیم کیے جاچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت 5 مرغیاں اور 1 مرغا یا 12 مرغوں کا سیٹ شفاف طریقے سے مستحق افراد میں تقسیم کیا جارہا ہے۔ اس پروگرام کے لئے کوئی پرندہ مارکیٹ سے نہیں لیا جارہا ہے بلکہ محکمہ لائیو سٹاک کے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام پرندوں کی افزائش سرکاری پولٹری فارمز پرجارہی ہے۔