اٹک میں جلد لیبر کالونی کا قیام عمل میں لا یا جائے گا، سید یاور بخاری
فتح جنگ (نامہ نگار ) صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال سید یاور بخاری نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب محنت کشوں کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے اٹک میں جلد ہی لیبر کالونی کا قیام عمل میں لا کر محنت کشوں کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا جائے گا اور وہ اپنی ایم پی اے گرانٹ سے بھی محنت کشوں کے کوارٹر کی تعمیر اور مرمت کیلئے بھی خصوصی رقم جاری کریں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان پی ڈبلیو ڈی ورکرز یونین سی بی اے کے نو منتخب عہدیداران کی تقریب حلف وفاداری کے مہمان خصوصی کی حیثیت سے آفس بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ اٹک میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب سے زونل چیئرمین راولپنڈی چوہدری محمد فیاض ، چیئرمین منظور الہٰی ، چیئرمین پرویز اختر ، چیئرمین رانا فیصل علی خان ، ڈویژنل سیکرٹری راولپنڈی محمد مسعود اور ہائی وے انسپکٹر فرحت عباس اور دیگر نے خطاب کیا اس موقع پر ضلع بھر سے آئے ہوئے محنت کش تنظیموں کے عہدیداروں اور کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال سید یاور بخاری نے کہا ہے کہ وہ اٹک کی عوام کے لیے بے شمار ترقیاتی پیکج لارہے ہیں ان میں سر فہرست 7ارب روپے کی لاگت سے 350 بستروں پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال ہے جو کہ بین الاقوامی معیار کا ہوگا اس کے علاوہ گورنمنٹ اسفند یار بخاری ہسپتال میں 150بستروں پر مشتمل نیا کمپلیکس قائم کیا جائے گا اور اس کے ساتھ میڈیکل کالج کا قیام بھی عمل میں آئے گا ضلع کے ہر خاندان کو اس سال کے آخر تک صحت انصاف کارڈ مہیا کیا جائے گا جس سے 10 لاکھ روپے تک کا علاج کیا جائے گا اور یہ صحت انصاف کارڈ ضلعی اور تحصیل انتظامیہ تقسیم کرے گی بہت جلد اٹک میں ہر مرکز صحت کو ایمبولینس فراہم کی جائے گی ۔